اسلام آباد(نیوز ڈیسک) بابر اعظم روہت شرما کی کپتانی میں انٹرنیشنل میچ کھیلیں گے۔ ایفرو ایشیا کپ کے تیسرے ایڈیشن کے آغاز کے لئے مذاکرات شروع ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق افریقی کرکٹ ایسوسی ایشن نے حال ہی میں اے جی ایم میں منعقد ایک میٹنگ میں ایفرو۔ایشیا کپ کو دوبارہ شروع کرانے کی بات کی ہے۔یادرہے یہ ٹورنامنٹ سال 2005 اور 2007 میں منعقد ہو چکا ہے۔
اوراگر مذاکرات کامیاب ہوگئے توجلد ہی اس کا تیسرا ایڈیشن دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ایفرو۔ایشیا کپ افریقن الیون اور ایشین الیون کے درمیان یہ کھیلا جاتا ہے۔ افریقن الیون میں زیادہ تر جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے کھلاڑی شامل ہوتے ہیں جبکہ ایشین الیون میں بھارت، پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کے کھلاڑی حصہ لیتے ہیں۔
2005 میں منعقد ایفرو۔ایشیا کپ میں ایشین الیون کی کپتانی پاکستان کے مایہ ناز بلے باز انضمام الحق نے کی تھی۔ افریقہ الیون کی کپتانی شان پولاک نے کی تھی۔ انضمام کی کپتانی میں بھارتی ٹیم کے 6 کھلاڑی راہل دراوڈ، انل کمبلے، ویریندر سہواگ، عرفان پٹھان، آشیش نہرا اور ظہیر خان جیسے مایہ ناز کرکٹ ستاروں نے کھیلا تھا۔
سال 2007 میں ایفرو۔ایشیا کپ ٹورنامنٹ کا انعقاد دو فارمیٹ ون ڈے اور ٹی 20 فارمیٹ میں کیا گیا تھا۔ ون ڈے فارمیٹ میں سری لنکا کے مہیلا جئے وردھنے نے کپتانی کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔ جبکہ ٹی 20 فارمیٹ کی کپتانی پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک نے کی تھی