کشمالہ طلعت 10 میٹر ایئر پسٹل میں ایشیا کی دوسری بہترین شوٹر قرار

ایشین شوٹنگ کنفیڈریشن نے اپنی سالانہ رینکنگ جاری کردی جس میں پاکستان کی اولمپئن شوٹر کشمالہ طلعت کو 10 میٹر ایئر پسٹل میں ایشیا کی دوسری بہترین شوٹر قرار دیا گیا ہے۔

خواتین کی 10 میٹر ائر پسٹل رینکنگ میں کشمالہ طلعت 1350 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ بھارت کی ایشا سنگھ 1500 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں۔

خواتین کی 25 میٹر پسٹل رینکنگ میں کشمالہ طلعت نے 29ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ مردوں کی رینکنگ میں بھی پاکستانی کھلاڑی نمایاں رہے۔ 10 میٹر ایئر پسٹل میں گلفام جوزف ساتویں نمبر پر جبکہ 25 میٹر ریپڈ فائر ایونٹ میں جی ایم بشیر پندرہویں نمبر پر ہیں۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کشمالہ طلعت نے اپنی رینکنگ پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ایشیا کی دوسری بہترین شوٹر بننا میرے لیے ایک اعزاز ہے۔

انکا کہنا تھا کہ 2025 میں مزید بہتر کارکردگی کے عزم کے ساتھ میدان میں اتروں گی، میرا ہدف مزید ٹریننگ کے ذریعے نئی بلندیاں حاصل کرنا ہے۔

کشمالہ نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی میرے لیے باعثِ فخر ہے اور لوگوں کی سپورٹ سے میرا حوصلہ اور بڑھتا ہے۔

کمنٹ کریں