بمراہ اور وقار یونس کا موازنہ: ’عجیب ایکشن والا‘ انڈین بولر جس کی قسمت ایک اتفاق نے بدل دی

انڈین کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ سب سے کم ٹیسٹ میچوں میں 200 وکٹیں لینے والے پہلے انڈین فاسٹ بولر بن گئے ہیں۔ انھوں نے یہ کارنامہ اپنے 44 ویں میچ میں ٹریوس ہیڈ کی وکٹ لے کر انجام دیا ہے۔

ویسے سب سے کم ٹیسٹ میچوں میں 200 وکٹیں لینے کا ریکارڈ پاکستان کے سپنر یاسر شاہ کے نام ہے جنھوں نے 33 ٹیسٹ میچوں میں یہ کارنامہ انجام دیا ہے جبکہ انڈیا کی جانب سے سپنر آر ایشون نے 37 ٹیسٹ میچوں میں 200 وکٹیں لے رکھی ہیں۔

جہاں تک فاسٹ بولروں کے سب سے کم ٹیسٹ میں 200 وکٹ لینے کا سوال ہے تو وقار یونس اور ڈینس للی کے نام یہ ریکارڈ ہے جنھوں نے 38 ٹیسٹ میچوں یہ کارنامہ انجام دیا ہے جبکہ ڈیل سٹین، مارشل، باتھم اور ایلن ڈونلڈ بھی بمراہ سے آگے ہیں۔

لیکن وکٹ لینے کی اوسط حیرت انگیز طور پر بمراہ کی بہتر ہے اور انھوں 20 رنز سے بھی کم کی اوسط سے یہ وکٹیں لی ہیں۔ بعض ناقدین اس کی وجہ ان کے بولنگ ایکشن کو قرار دیتے ہیں اور یہی ان کا طرۂ امتیاز بھی ہے۔

ایک وقت تھا جب بمراہ کے بولنگ ایکشن پر سوالات اٹھائے گئے تھے لیکن بمراہ نے اسے ٹھیک کرنے کے بجائے وکٹیں لینے کا سلسلہ جاری رکھا اور آج انھیں دنیا کے مشکل ترین بالروں میں شمار کیا جاتا ہے۔

انڈین ٹیم کے ڈریسنگ روم میں ’جسی بھائی‘ کے نام سے پکارے جانے والے بمراہ نے مختلف فارمیٹس میں ٹیم کے لیے بڑا کردار ادا کیا ہے۔