چمپئنز ٹرافی کے حوالے سے قوم کو مایوس نہیں کریں گے، محسن نقوی

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے چمپئنز ٹرافی کے حوالے سے کہا ہے کہ آئِی سی سی میگا ایونٹ کے انعقاد کے معاملے پر آج آئی سی سی کی میٹنگ ہونا تھی جو ملتوی کر دی گئی، چمپئنز ٹرافی کے حوالے سے قوم کو مایوس نہیں کریں گے اور جیسے ہی کچھ فائنل ہوگا عوام کو آگاہ کردیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ ملک بھر میں موجود گراؤنڈز کی حالت بہتر کریں گے، اور انہیں انٹرنیشنل لیول کا بنائِں گے، اور جہاں گراؤنڈز نہیں ہیں، وہاں جگہ خرید کر گراؤنڈ بنائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں کام شروع کردیا ہے، ڈومیسٹک لیول پر ہر چیز کو امپاور کرنا ہمارا مشن ہے تاکہ ہمیں اچھے پلیئرز مل سکیں۔
انہوں نے مزید کہنا کہ ہماری خواہش ہے کہ پشاور کا سٹیڈیم تیار ہو جائے، اور اس کے ساتھ ساتھ ان شہروں میں بھی ٹورنامنٹس کرائیں جہاں نہیں ہو رہے۔ انہوں نے کہا کہ آج آئی سی سی کی میٹنگ ملتوی ہوگئی ہے جیسے ہی کچھ فائنل ہوگا آگاہ کردیں گے، چمپئنز ٹرافی کے حوالے سے قوم کو مایوس نہیں کریں گے اور توقعات سے بڑھ کر چیزیں سامنے آئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی میٹنگ میں ایسی کسی شرط پر بات نہیں کرسکتا جو قبل از وقت ہو، کوشش ہے کہ پاکستان کی کرکٹ اور عالمی کرکٹ کے لیے اچھا فیصلہ ہو، چاہتا ابھی اس معاملے پر بات چیت چل رہی ہے، اگر آئی سی سی کو کوئی نقصان ہوا تو دنیا بھر کی کرکٹ کو نقصان ہوگا۔