پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کی آمد سے متعلق اسپورٹس منسٹر انوراگ ٹھاکر کا بیان سامنے آگیا۔
ہندو انتہا پسند جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمنٹ اور اسپورٹس منسٹر انوراگ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی کے میزبان ملک پاکستان کے حالات کھیلوں اور بھارت کےلیے سازگار نہیں ہیں۔
بھارتی وزیر کھیل نے ایک مرتبہ پھر کھیل کو سیاست سے جوڑتے ہوئے ٹیم کو پاکستان نہ بھیجنے کا مقصد کھلاڑیوں کی حفاظت قرار دیا اور کہا کہ جب تک پاکستان دہشت گردانہ سرگرمیوں اور سرحد پار سے ہونے والی سرگرمیوں پر قابو نہیں کرتا ہندوستانی ٹیم دورہ نہیں کرے گی۔
ادھر چیمپیئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کی عدم شرکت اور ہائبرڈ ماڈل کے معاملے پر پاکستان نے بھارتی بورڈ اور آئی سی سی کو گھٹنوں پر لاکھڑا کیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے دوٹوک موقف رکھا ہے کہ اگر بھارت پاکستان نہیں آیا تو آئندہ آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان بھی بھارت کے بجائے اپنے میچز دبئی میں کھیلے گا۔
ادھر بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل پر رضامندی ظاہر کردی اور اپنے فیصلے سے آئی سی سی کو بھی آگاہ کردیا ہے، چیمپیئنز ٹرافی کا حتمی اعلان انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے 7 دسمبر کو ہوگا۔
بھارت اپنے میچز تیسرے مقام (نیوٹرل وینیو) پر کھیلے گا، اسی طرح ہائبرڈ ماڈل کے تحت 2027 تک بھارت پاکستان کا دورہ نہیں کرے گا جبکہ پاکستان بھی اس دوران بھارت میں اپنا کوئی میچ نہیں کھیلے گا۔