دورہ جنوبی افریقا؛ اہم کھلاڑیوں کو آرام دینے پر شہزاد بھڑک اُٹھے

قومی ٹیم کے اوپنر احمد شہزاد نے جنوبی افریقا کیخلاف سیریز میں اہم کھلاڑیوں کو شامل نہ کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی کو تنقید کا نشانہ بناڈالا۔

اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے اوپنر احمد شہزاد نے جنوبی افریقا کیخلاف اعلان کردہ اسکواڈ پر سوال اُٹھایا کہ انگلینڈ کیخلاف ہوم سیریز میں لیڈنگ اسپنر ساجد خان، اوپنر فخر زمان اور شاہین آفریدی کو کیوں بٹھایا گیا۔

احمد شہزاد نے سوال اٹھایا کہ ساجد خان جس نے انگلینڈ کو پریشان کیا اور سیریز میں 19 وکٹیں لیں، سلیکٹرز نے جنوبی افریقا دورے کیلئے اسکواڈ کا حصہ ہی نہیں بنایا۔

انہوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کو ساجد کا شکریہ ادا کرنا چاہیے تھا کیونکہ ساڑھے 3 سالوں سے آپ ہار رہے تھے، لوگ آپکی کرکٹ پر ہنسنے لگے تھے جب آپ جیت گئے آپ نے دودھ میں سے مکھی کی طرح پلئیر کو نکال کر پاہر کردیا۔

احمد شہزاد نے فخر زمان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ آپ کس فٹنس کی بات کر رہے ہیں؟ کیا نعمان یا دیگر کھلاڑیوں نے اپنے فٹنس ٹیسٹ پاس کیے؟ آپ جھوٹ بول کر عوام کو بےوقوف بنا رہے ہیں۔ 

انہوں نے شاہین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے شاہین کو ڈراپ کر کے کیا حاصل کیا؟ ورک لوڈ مینج کو دیکھنا ٹھیک ہے لیکن انہیں کھلانا چاہیے تھا۔