روہت شرما اور ویرات کوہلی کا مستقبل؟ بھارتی ہیڈ کوچ نے بڑی بات کہہ ڈالی

سڈنی(سپورٹس ڈیسک)آسٹریلیا میں مسلسل ناکامیوں کے بعد کپتان روہت شرما اور ویرات کوہلی کے مستقبل سے متعلق ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے اہم بات کہی ہے۔

بھارت کا دورہ آسٹریلیا سڈنی ٹیسٹ میں شکست کے بعد بارڈر گواسکر ٹرافی گنوانے کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ یہ سیریز جہاں کئی تنازعات کی وجہ سے یاد رہے گی۔ وہیں بھارت کی پے در پے شکستوں کے ساتھ سینئر کھلاڑیوں کپتان روہت شرما اور ویرات کوہلی کی ذاتی ناقص پرفارمنس کی وجہ سے بھی کرکٹ شائقین کے ذہنوں میں نقش رہے گی۔

روہت شرما نے تو ذاتی خراب پرفارمنس کے باعث سڈنی ٹیسٹ سے خود کو دستبردار کر لیا تھا تاہم ویرات کوہلی کا بلا اس ٹیسٹ میں بھی رنز نہیں اگل سکا جس کے باعث دونوں کرکٹرز شدید تنقید کی زد میں ہیں جب کہ ڈریسنگ روم اور کپتان کے ہیڈ کوچ سے اختلافات بھی میڈیا کی زینت بن چکے ہیں۔

روہت شرما اور ویرات کوہلی کی بیٹنگ خراب فارم اور ان کے مستقبل کے حوالے سے چہ مہ گوئیاں ہو رہی ہیں اور کئی جانب سے دونوں پر کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے مطالبات بھی سامنے آ رہے ہیں۔ ایسے میں بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے دونوں سینئر کھلاڑیوں کے مستقبل کے حوالے سے جاری سوالات کا جواب دیا ہے۔

گوتم گمبھیر نے سڈنی ٹیسٹ کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو میں دونوں سینئرز کھلاڑیوں کے مستقبل کے حوالے سے سوالات کے جواب میں کہا کہ میں روہت شرما اور ویرات کوہلی کے مستقبل کے حوالے سے کوئی بات نہیں کر سکتا۔ اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ ان پر منحصر ہے، وہ جو بھی فیصلہ کریں گے وہ ٹیم کے مفاد میں ہی ہوگا۔ تاہم میں یہ ضرور جانتا ہوں کہ دونوں میں سخت جان کھلاڑی ہیں، جن میں ابھی رنز کی بھوک اور کھیل کا جذبہ باقی ہے۔ امید ہے کہ وہ اس جذبے کو لے کر آگے بڑھیں گے۔

تاہم ہیڈ کوچ نے کسی بھی کھلاڑی کا نام لیے بغیر یہ بھی کہا کہ ہر کسی کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا چاہیے۔ اگر آپ ریڈ بال کرکٹ کھلینا چاہتے ہیں تو آپ کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا ہوگا۔ اگر آپ ایسا نہیں کرتے ہیں تو آپ کو کبھی بھی من مطابق نتائج نہیں ملیں گے۔

واضح رہے کہ بھارت آسٹریلیا سے سڈنی ٹیسٹ ہارنے کے بعد نہ صرف سیریز ہار گیا بلکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل سے بھی باہر ہوگیا۔ اس سیریز کے تین ٹیسٹ میچوں کی 6 اننگز میں روہت شرما صرف 31 رنز ہی بنا سکے جب کہ ویرات کوہلی پانچ میچز کی 8 اننگز میں 190 رنز ہی بنا پائے۔