پی ایس ایل 2025: ٹیموں نے اپنے کون کون سے کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے؟

پاکستان سپر لیگ کی چھ فرنچائزز نے برقرار رکھے جانے والے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا۔
پاکستان سپر لیگ کی چھ فرنچائزز نے ان کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا ہے جنہیں پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن میں برقرار رکھا گیا ہے۔ اس بار فرنچائزز کے مابین کھلاڑیوں کی ٹریڈنگ نہیں ہوئی۔
پاکستان سپر لیگ 2025  کا ڈرافٹ 11 جنوری کو ہوگا جبکہ یہ ایونٹ 8 اپریل سے 19 مئی تک کھیلا جائے گا۔ اس مرتبہ 19 ممالک کے 510 کھلاڑیوں نے پی ایس ایل کے ڈرافٹ کے لیے سائن کیا ہے۔

پی ایس ایل کے قواعد کے مطابق ہر فرنچائز کو اپنے سابق سکواڈ میں سے 8 کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کی اجازت ہوتی ہے۔
تین فرنچائزز نے مکمل طور پر ریٹینشن کا استعمال کیا ہے جبکہ کراچی کنگز، ملتان سلطانز اور پشاور زلمی نے سات سات کھلاڑی برقرار رکھے ہیں۔
پی ایس ایل تین بار جیتنے والی دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے آٹھ کھلاڑی برقرار رکھے ہیں۔ ان میں کپتان اور گذشتہ ایونٹ کے پلیئر آف دی ٹورنامنٹ شاداب خان، نسیم شاہ (پلاٹینم)، عماد وسیم (مینٹور) اور اعظم خان (ڈائمنڈ) سلمان علی آغا (برینڈ ایمبیسیڈر) اور حیدر علی (دونوں گولڈ) کالن منرو اور رومان رئیس ( دونوں سلور ) شامل ہیں۔
گذشتہ ٹورنامنٹ کی رنر اپ ملتان سلطانز نے سات کھلاڑی برقرار رکھے ہیں جن میں محمد رضوان اور اُسامہ میر (دونوں پلاٹینم) ڈیوڈ وِلی (مینٹور) افتخار احمد (برینڈ ایمبیسیڈر) اور عثمان خان (تینوں ڈائمنڈ)، کرس جورڈن (گولڈ) اور فیصل اکرم (سلور) شامل ہیں۔
پشاور زلمی نے سات کھلاڑی برقرار رکھے ہیں جن میں پی ایس ایل کی تاریخ میں  سب سے زیادہ 3504 رنز بنانے والے بابر اعظم اور صائم ایوب (پلاٹینم) محمد حارث (ڈائمنڈ)، عارف یعقوب، مہران ممتاز اور سفیان مقیم (برانڈ ایمبیسیڈر) (تینوں سلور) اور علی رضا (ایمرجنگ) شامل ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے آٹھ کھلاڑی برقرار رکھے ہیں جن میں ابرار احمد، محمد عامر(مینٹور) رائلی روسو (تینوں ڈائمنڈ) عقیل حسین، سعود شکیل (برینڈ ایمبیسیڈر) محمد وسیم جونیئر (تینوں گولڈ) خواجہ محمد نافع اور عثمان طارق (دونوں سلور) شامل ہیں۔
کراچی کنگز نے سات کھلاڑی برقرار رکھے ہیں جن میں حسن علی اور جیمز ونس (ڈائمنڈ) عرفان خان اور شان مسعود (گولڈ)، عرفات منہاس (برینڈ ایمبیسیڈر)  ٹِم سائفرٹ اور زاہد محمود (تینوں سلور) شامل ہیں۔
لاہور قلندرز نے آٹھ کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے جن میں شاہین شاہ آفریدی اور فخر زمان (دونوں پلاٹینم) حارث رؤف (برینڈ ایمبیسیڈر) اور سکندر رضا (دونوں ڈائمنڈ)، عبداللہ شفیق، جہانداد خان اور زمان خان (تمام گولڈ) اور ڈیوڈ ویزا (سلور) کے نام شامل ہیں۔