گلین میکسویل نے ناقابل یقین کیچ تھام لیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

ویب ڈیسک:بگ بیش کے 14ویں سیزن میں گلین میکسویل نے باؤنڈری پر شاندار کیچ تھام لیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بگ باش لیگ میں میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کرنے والے آل راؤنڈر گلین میکسویل نے برسبین ہیٹ کے خلاف شاندار کیچ پکڑ کر کمنٹیٹرز سمیت دیکھنے والوں کو حیران کردیا۔

برسبین ہیٹ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے، میلبرن اسٹارز نے مطلوبہ ہدف 18.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، مارکوس اسٹونس کو 48 گیندوں پر 62 رنز بنانے پر بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تاہم 17ویں اوور کی پہلی گیند پر ڈینئل لارنس نے شاندار شاٹ کھیلا جو یقینی طور پر چھکا تھا لیکن گلین میکسویل نے باؤنڈری کے باہر جاکر اچھل کر کیچ تھاما اور واپس باؤنڈری سے اندر آکر کیچ پکڑ لیا۔

امپائر نے کیچ کی تصدیق کے لیے فیصلہ تھرڈ امپائر کو دیا جنہوں نے اسے آؤٹ قرار دیا۔