بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کی 2024 میں کی جانے والی آخری سوشل میڈیا پوسٹ وائرل ہوگئی۔
روہت شرما ان دنوں آسٹریلیا میں بھارتی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں جہاں ان کی ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-2 کے خسارے میں ہیں جبکہ اب صرف ایک میچ باقی ہے۔
رواں برس روہت شرما کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کامیابی حاصل کی تھی تاہم ہٹ مین ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پرفارمنس سے پرستاروں کو متاثر کرنے میں ناکام رہے جس کا ثبوت حالیہ ٹیسٹ سیریز کے ساتھ گزشتہ سیریز ہیں۔
روہت شرما آسٹریلیا کے خلاف جاری سیریز کے 3 ٹیسٹ میچز کی 6 اننگز میں صرف 31 رنز بنا سکے۔
ایسے میں روہت شرما کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی، اس پوسٹ میں روہت شرما نے 2024 میں حاصل کی گئی اپنی کامیابیوں کی جھلک پیش کی۔
پوسٹ میں روہت شرما نے کیپشن میں دلچسپ عبارت بھی تحریر کی جس نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی۔
بھارتی کپتان نے تحریر کیا، ’تمام اتار چڑھاؤ اور اس کے درمیان ہر چیز کے لیے شکریہ 2024‘۔
واضح رہے کہ کپتان روہت شرما نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینےکا فیصلہ کر لیا جس کا اعلان آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے بعد متوقع ہے۔