میلبورن ٹیسٹ میں ہندوستان کو ۱۸۴؍ رن کی بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹیم انڈیا بارڈر-گاوسکر ٹرافی میں ۱-۲؍سے پیچھے رہ گئی ہے۔ پیر کو میچ کے ۵؍ ویں دن آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں ۲۳۴؍رن بنا کر ۳۴۰؍رن کا ہدف دیا تھا لیکن ہندوستانی ٹیم ۱۵۵؍ رن پر آل آؤٹ ہو گئی۔ سلامی بلے باز یشسوی جیسوال نے سب سے زیادہ ۸۴؍ رن بنائے تاہم وہ تھرڈ امپائر کے متنازع فیصلے کا شکار بن گئے۔ یہ ہندوستان کی شکست کی سب سے بڑی وجہ بنی۔ جب جیسوال آؤٹ ہوئے تو میچ ڈرا کی طرف گامزن نظر آرہا تھا ۔ آکاش دیپ ان کا ساتھ دے رہے تھے۔ فیصلے کے علاوہ ہندوستانی ٹیم نے آخری سیشن میں ۷؍ وکٹیں گنوا دیں۔ چائے کے وقفے تک ہندوستان کا اسکور۳؍ وکٹ پر۱۱۲؍ رن تھا۔ ٹیم انڈیا کی شکست میں درج ذیل پانچ وجوہات اہم رہیں۔
ٹاپ آرڈر فلاپ، روہت-وراٹ ناکام
اس میچ میں ٹیم انڈیا کا ٹاپ آرڈر مکمل طور پر فلاپ رہا۔ پہلی اننگز میں یشسوی جیسوال اور روہت شرما کے درمیان پہلی وکٹ کیلئے صرف ۸؍ رن کی شراکت تھی۔ رو ہت ۳؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کے ایل راہل نے ۲۴؍اور وراٹ کوہلی نے ۳۶؍ رن بنائے۔ دوسری اننگز میں یشسوی کے علاوہ پہلے تین بلے باز روہت شرما(۹)، کے ایل راہل(صفر)اور وراٹ کوہلی(۵) دوہرے ہندسے میں بھی نہیں پہنچ سکے۔ اس میچ میں بھی روہت-وراٹ ناکام رہے۔ روہت نے پہلی اننگز میں ۳؍ اور دوسری میں ۹؍ رن بنائے۔ کوہلی نے پہلی اننگز میں ۳۶؍ اوردوسری میں ۵؍رن بنائے۔
یشسوی نے دوسری اننگز میں ۳؍ کیچ چھوڑے
دوسری اننگز میں یشسوی جیسوال نے تین کیچ ڈراپ کئے۔ انہوں نے آسٹریلیا کی دوسری اننگز کے چوتھے اوور میں عثمان خواجہ کا کیچ ڈراپ کیا۔ آکاش دیپ کے اوور کی دوسری گیند پر یشسوی نے گلی میں ان کا کیچ چھوڑ دیا۔ مارنس لیبوشگن کو۴۰؍ یں اوور میں نئی زندگی ملی۔ آکاش دیپ کی گیند پر گلی میں یشسوی نے ان کا کیچ بھی چھوڑ دیا۔ یشسوی نے اننگز کا تیسرا کیچ ۴۹؍ ویں اوور میں ڈراپ کیا۔ اس بار انہوں نے پیٹ کمنز کا کیچ ڈراپ کیا۔ رویندر جڈیجہ کی فلر لینتھ گیند مڈ آف پر کھڑے یشسوی جیسوال کے پاس گئی، لیکن جیسوال یہ کیچ نہیں لے سکے۔
گیندبازی جارحانہ نہیں رہی
آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں ٹیم کے آخری وکٹ کیلئے ہندوستانی گیند بازوں کے پاس کوئی جارحانہ منصوبہ نہیں تھا۔ کپتان روہت نے فیلڈرز کو قریب نہیں رکھا۔ ناتھن لیون اور اسکاٹ باؤلینڈ نے آخری وکٹ کیلئے ۶۱؍رن بنالئے۔
پنت کا غیر ذمہ دارانہ شاٹ
اس میچ میں رشبھ پنت اور وراٹ کوہلی غیر ذمہ دارانہ شاٹس کھیلتے نظر آئے۔ کپتان روہت شرما نے پنت کے شاٹ پر مشورہ دیا جب کہ سنیل گاوسکر نے ان کے شاٹ پر تنقید کی اور اسے احمقانہ قراردیا۔ پنت پہلی اننگز میں اسکاٹ بولینڈ کی گیند پر ناتھن لیون کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ پنت نے اسکوپ شاٹ کھیلنا چاہا لیکن گیند بلے کے بیرونی کنارے سے لگ کر ڈیپ تھرڈ فیلڈر کے پاس گئی، لیون نے بغیر کوئی غلطی کیے کیچ لے لیا۔ پنت کے آؤٹ ہوتے ہی کمنٹری کر رہے سنیل گاوسکر برہم ہوگئے اور ’ احمق، احمق، احمق‘ تبصرہ کیا۔
تیسرے امپائر کا متنازع فیصلہ، جیسوال کا وکٹ
ہندوستان کی شکست کی ایک وجہ تھرڈ امپائر کا ایک متنازع فیصلہ تھا جس میں یشسوی جیسوال۸۴؍رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ انہیں فیلڈ امپائر نے ناٹ آؤٹ دیا تھالیکن ریویو پر ناکافی ثبوت ہونے کے باوجود تھرڈ امپائر نے آؤٹ قرار دیا۔ جب جیسوال آؤٹ ہوئے تو ہندوستان کے پاس۲۱ء۱؍ اوور باقی تھے اور میچ ڈرا ہونے میں ۳؍ وکٹیں باقی تھیں ۔ ایسے میں ہندوستان یہاں سے میچ ڈرا کر سکتا تھا لیکن یشسوی کی وکٹ کے بعد ہندوستان کا لووَر آرڈر (آخری۳؍ بلے باز) بکھر گیا۔ آکاش دیپ نے۷؍ رن بنائے۔ جسپریت بمراہ اور محمد سراج کھاتہ بھی نہیں کھول سکے۔