جنوبی افریقہ سے پہلا ٹیسٹ میچ ہارنے کے بعد کپتان شان مسعود کا بیان آگیا

سنچورین (ڈیلی پاکستان آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے  کپتان شان مسعود  نے کہا ہے کہ انہیں اپنی ٹیم کی کوششوں پر فخر ہے، لیکن آگے بڑھتے ہوئے بے رحمانہ رویہ اپنانا ہوگا تاکہ ٹاپ ٹیموں کے ساتھ مقابلہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم نے ان کنڈیشنز میں اچھی کارکردگی دکھائی، لیکن فیصلہ کن لمحات میں غلطیاں کیں جنہیں دور کرنا ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس میچ پر گرفت تھی، لیکن ہم نے دو مرتبہ انہیں آٹھ وکٹوں پر پہنچانے کے باوجود میچ ختم کرنے کا موقع گنوا دیا۔ بیٹنگ میں بھی ہم اپنے سکور کو بڑھا سکتے تھے تاکہ ہدف زیادہ مضبوط ہوتا۔ یہی وہ چیزیں ہیں جو ہمیں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں کامیابی کے لیے کرنی ہوں گی۔انہوں نے  کہا کہ ہم نے کئی مواقع پر جلدی وکٹیں گنوائیں، جس سے دباؤ بڑھا، بابر اور سعود کی پارٹنرشپ ہو یا سعود اور جمال کی، ہمیں مزید 50 رنز کا اضافی کشن چاہیے تھا تاکہ بڑی پارٹنرشپ کے باوجود مقابلہ کرسکیں۔

کپتان نے یہ بھی کہا کہ وہ سیکھنے پر یقین رکھتے ہیں، لیکن بار بار وہی غلطیاں دہرانے سے بچنا ہوگا،ہمیں مواقع کو قابو میں کرنا ہوگا اور میچز کے فیصلہ کن لمحات میں اپنی کارکردگی بہتر بنانی ہوگی، بیٹنگ اور بولنگ دونوں اننگز کو مکمل کرنا ضروری ہے۔عباس اور سعود کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کپتان نے کہاعباس کی بولنگ وہ کوشش تھی جو آپ جیتنے والی ٹیم سے چاہتے ہیں۔ سعود بھی شاندار تھا، اگر زیادہ بلے باز اس کے ساتھ کھیلتے تو وہ اپنی سنچری مکمل کر لیتا۔ بدقسمتی سے، ہم لائن عبور نہ کر سکے، لیکن ایسی کارکردگیاں میچ جتواتی ہیں۔یہ بیانات پاکستانی ٹیم کے لیے ایک ویک اپ کال ہیں کہ انہیں اپنے کھیل کے مختلف پہلوؤں میں مستقل مزاجی پیدا کرنا ہوگی تاکہ بڑے مقابلوں میں کامیابی حاصل کی جا سکے۔