ٹی ٹوئنٹی سیریز ہارنے کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے عجیب منطق پیش کردی

ویب ڈیسک : پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے سیریز شروع ہونے سے قبل کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نتائج توقعات کے مطابق نہیں تھے ،چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کیلئے ہمارا سارا فوکس ون ڈے پر مرکوز ہے۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد اب پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز کل سے ہونے جارہا ہے۔جنوبی افریقا اور پاکستان کے درمیان پہلا ون ڈے کل پارل میں کھیلا جائے گا۔

ون ڈے سیریز کے آغاز سے قبلاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ جو ماضی کی ناکامی ہوتی ہے اس کو ماضی میں رکھتے ہیں مگر اس سے سبق سیکھتے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نتائج توقعات کے مطابق نہیں تھے، ون ڈے میں ہمارا اچھا ردھم ہے اس کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔ ون ڈے سیریز میں ہم چیمپئنز ٹرافی کی تیاری ذہن میں رکھ کر میدان میں اتریں گے۔

محمد رضوان نے کہا کہ ٹیم میں تمام پلیئر کپتان ہی ہیں، ٹیم میں “میں” کا لفظ نہیں، “ہم” کا لفظ ہوتا ہے۔ ٹیم  ورک بہترین ہے، ہم سب متحد ہیں، جونیئر ہو یا سینیئر سب کا فوکس ٹیم کی جیت پر ہے، کنڈیشنز دیکھ کر ٹیم بنانے کی کوشش کرتےہیں ، ہر جگہ الگ کنڈیشن میں کھیل رہے ہیں۔

محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ملک سے باہر کھیلنے میں ہمیشہ چیلنج کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جنوبی افریقا کو مومینٹم ملا ہوا ہے، وہ بھی جیت کر آرہے ہیں، ہم نے بھی آسٹریلیا میں آسٹریلیا کو ہرایا، زمبابوے میں بھی سیریز جیتی،ون ڈے سیریز میں اچھا مقابلہ ہوگا۔