قومی کرکٹرعماد وسیم، محمدعامر کے بعد اہم فاسٹ بولر کا بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان

ویب ڈیسک:قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر اور آل راؤنڈر عماد وسیم کے بعد ایک اور قومی کرکٹر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر فاسٹ بولر محمد عرفان نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے اور ساتھی کھلاڑیوں، تمام کوچز کا شکریہ بھی ادا کیا،محمد عرفان نے لکھا کہ ناقابل فراموش یادوں اور سپورٹ پر شکر گزار ہوں۔

واضح رہے کہ محمد عرفان نے 4 ٹیسٹ، 60 ون ڈے اور 22 ٹی 20 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے، محمد عرفان نے ٹیسٹ میں 10، ون ڈے میں 83 اور ٹی 20 میں 16 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

گزشتہ روز عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، عماد وسیم کا کہنا تھا کہ بڑی سوچ بچار کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان کی نمائندگی کرنا میری زندگی کا بہت بڑا اعزاز ہے۔

فاسٹ بولر محمد عامر نے بھی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ  پاکستان کے لیے تینوں فارمیٹس میں کھیلنا اعزاز کی بات ہے۔

محمد عامر نے 36 ٹیسٹ میچز کے علاوہ 61 ون ڈے انٹرنیشنلز اور 62 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔