2011 کے ورلڈکپ سیمی فائنل میں میچ فکسنگ ہوئی؟ آفریدی نے قیاس آرائیوں پر جواب دیدیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے 2011 کرکٹ ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں بھارت کے خلاف میچ فکسنگ کے حوالے سے تمام قیاس آرائیوں پر ردعمل دے دیا۔

آج سے پہلے کسی پوڈ کاسٹ میں نظر نہ آنے والے شاہد آفریدی نے  گزشتہ دنوں جیو نیوز کے اولین پوڈ کاسٹ میں خصوصی مہمان کی حیثیت سے شرکت کی۔

شاہد آفریدی نے جیو پوڈ کاسٹ میں دلچسپ انکشافات بھی کیے اور زندگی کے انوکھے پہلوؤں پر بات چیت کی۔

پوڈ کاسٹ میں میزبان مبشر ہاشمی نے شاہد آفریدی سے سوال کیا کہ 2011 میں موہالی میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف  سیمی فائنل کے حوالے سے کافی قیاس آرائیاں تھیں کہ یا وہ میچ فکس تھا یا پھر دونوں ملکوں کے وزراء اعظم کے درمیان کوئی سیٹنگ ہوئی، تو کیا واقعی ایسی کوئی بات تھی؟

اس سوال پر شاہد آفریدی نے جواب دیا کہ یہ  بالکل فضول بات ہے، ایسا کچھ نہیں ہوا، 2011 کے ورلڈکپ میں جس طرح ہمارے کھلاڑی متحد ہوکر کھیلے اس کی مثال نہیں ملتی، پوری ٹیم نے بہترین کارکردگی دکھائی تھی۔

میزبان نے ایک بار پھر شاہد آفریدی سے پوچھا کہ کیا کسی نے میچ فکسنگ کے حوالے سے آپ سے رابطہ بھی نہیں کیا؟

جس پر شاہد آفریدی نے دبنگ انداز میں جواب دیا کہ ‘اتنی ہمت نہیں کسی میں بھی’۔

2011 کے ورلڈکپ سیمی فائنل میں میچ فکسنگ ہوئی؟ آفریدی نے قیاس آرائیوں پر جواب دیدیا
پاکستان کے اس وقت کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی خصوصی طور پر پاک بھارت سیمی فائنل دیکھنے بھارت گئے تھے— فوٹو بھارتی میڈیا

واضح رہے کہ 2011 میں موہالی میں کھیلے گئے  ورلڈکپ سیمی فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 29 رنز سے شکست دی تھی اور پھر فائنل میں سری لنکا کو ہرا کر ٹرافی اٹھائی تھی۔

پاکستان کے اس وقت کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی خصوصی طور پر پاک بھارت سیمی فائنل دیکھنے بھارت گئے تھے، جہاں انہوں نے بھارتی وزیر اعظم کے ہمراہ گراؤنڈ میں یہ میچ دیکھا۔

سیمی فائنل میں شکست پر پاکستانی شائقین کرکٹ کے کافی دل ٹوٹے تھے اور میچ فکسنگ کے حوالے سے قیاس آرائیاں بھی ہوئی تھیں۔