انگلش کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بیٹر جو روٹ نے بھارت کے سابق لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر کا اہم ٹیسٹ ریکارڈ توڑ ڈالا۔
انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے جو روٹ نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے چوتھی اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا۔
روٹ نے یہ کارنامہ نیوزی لینڈ کے خلاف 3 میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوران سر انجام دیا۔
جو روٹ کے ٹیسٹ کرکٹ کی چوتھی اننگز میں مجموعی طور پر 1630 رنز ہو گئے ہیں جبکہ سچن ٹنڈولکر نے 1625 رنز بنائے تھے۔
150 ٹیسٹ کھیلنے والے روٹ نے 1630 رنز 49 اننگز میں بنائے جبکہ ٹنڈولکر نے یہ کارنامہ 60 اننگز میں سرانجام دیا تھا۔
جو روٹ نیوزی لینڈ کے 104 رنز کے ہدف کے جواب میں دوسری اننگز میں 23 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے اور اپنی ٹیم کو 8 وکٹوں سے میچ میں کامیابی دلوائی۔
یہ بھی پڑھیں
واضح رہے کہ جو روٹ انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر ہیں، انہوں نے 150 ٹیسٹ میچز میں 12 ہزار 777 رنز اسکور کیے ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھارت کے سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے، جنہوں نے 200 میچز میں 15 ہزار 921 رنز بنائے۔
جو روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز کی فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں۔
کرکٹ شائقین کا خیال ہے کہ جو روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا سچن کا یہ ریکارڈ بھی توڑ دیں گے۔