چوتھا ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ ، پاکستان کے کامران اختر نے 14 گیندوں پر 50 رنز بنا کر ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا

اسلام آباد۔1دسمبر (اے پی پی):چوتھے ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران پاکستان کے کامران اختر نے 14 گیندوں پر 50 رنز بنا کر ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ کے صدر سید سلطان شاہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ کرکٹ کپ کا پہلا سیمی فائنل پاکستان اور نیپال کے مابین ملتان میں کھیلا گیا جس میں پاکستان کے کامران اختر نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے

صرف 14 گیندوں پر 10 چوکے اور ایک چھکا لگا کر 50 رنز بنائے جو کہ ٹی ٹوئنٹی میں ورلڈ ریکارڈ ہے اس سے قبل پاکستان ہی کے عامر اشفاق نے ایک روزہ بلائنڈ کرکٹ میچ میں 14 گیندوں پر ففٹی بنائی تھی۔ سید سلطان شاہ نے کہا کہ کامران اختر نے مجموعی طور پر 21 گیندوں پر 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 63 رنز بنائے اور سیمی فائنل میں ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔