کرکٹ میں گزرتے وقت کے ساتھ فارمیٹ تبدیل ہورہے ہیں، ٹیسٹ ، ون ڈے اور پھر ٹی ٹوئنٹی کے بعد اب 10 اوور پر مشتمل ٹی 10 میچز کافی مقبولیت حاصل کررہے ہیں۔
جیسے جیسے کھیل میں تبدیلی آرہی ہے، کرکٹ تیز سے تیز تر ہوتی جارہی ہے اور بولرز کے لیے بیٹرز سے چھپنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔
گزشتہ دنوں ابو ظہبی میں جاری ٹی 10 لیگ میں بھی کچھ ایسا ہی ہوا جہاں بولر کی ایسی دھلائی ہوئی کہ اس نے اوور کی ابتدائی 3 گیندوں پر 30 رنز دے دیے۔
25 نومبر کو دہلی بلز اور بنگلا ٹائیگرز کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔
دہلی بلز کی بیٹنگ کے دوران بنگلا ٹائیگرز کی جانب سے سری لنکا کے سابق کپتان داسن شناکا 9 واں اوور کروانے آئے اور ابتدائی 3 گیندوں پر 10، 20 نہیں پورے 30 رنز کھالیے۔
ہوا کچھ یوں کے اوور کی پہلی گیند پر بیٹر نکھل چوہدری نے شناکا کو چوکا مارا، اس کے بعد اگلی گیند نوبال ہوئی اور اس پر بھی چوکا لگا۔
یہ معاملہ یہیں نہیں رکا، شناکا نے اگلی گیند پھر نوبال کروائی اور نتیجہ وہی، بیٹر نے چوکامار دیا۔ابھی صرف اوور کی ایک گیند ہوئی اور انہوں نے 14 رنز دے دیے۔
شناکا پھر دوڑے اور گیند کروائی جس پر ایک اور چوکا لگا، اوور کی تیسری گیند پر بیٹر نے چھکا مار دیا، پھر اگلی گیند ایک بار پھر نوبال ہوئی پر خوش قسمتی سے کوئی باؤنڈری نہیں لگی، لیکن یہ معاملہ رکا نہیں۔
شناکا کی اگلی گیند پھر نوبال ہوئی اور ساتھ چوکا بھی لگ گیا، یوں اوور کی 3 لیگل گیندوں پر انہوں نے مجموعی طور پر 30 رنز دے دیے۔
البتہ اوور کی اگلی 3 گیندوں پر صرف 3 رنز بنے اور شناکا کے اوور میں مجموعی طور پر 33 رنز آئے۔
دہلی بلز نے 10 اوورز میں 6 وکٹوں پر 123 رنز بنائے۔نکھل چوہدی 16 گیندوں پر 47 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
جواب میں بنگلا ٹائیگرز نے ہدف 2 گیندوں قبل ہی پورا کرلیا، داسن شناکا نے 14 گیندوں پر 33 رنز بنائے جبکہ لیام لیونگسن 15 گیندوں پر 50 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔