ویب ڈیسک: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کے لئے بھارت کے پاکستان نہ آنے کے معاملہ پر حکومت پاکستان نے بھارت کو سخت جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت پاکستان کا کہنا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہو گی، ہائبرڈ ماڈل قبول نہیں، حکومت کی جانب سے سخت الفاظ میں بھارت کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا گیا کہ اگر بھارت نہیں آتا تو پاکستان بھارت میں کبھی نہیں کھیلے گا، یاد رہے کہ اگلا ٹی20 ورلڈ کپ 2026 بھارت میں شیڈول ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لئے پاکستان نے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں، ساری ٹیمیں پہلے پاکستان آچکی ہیں، اور مزید آنے کو تیار ہیں، ایسے میں بھارت کیوں نہیں آئے گا۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر بھارت چیمپئنز ٹرافی کے لئے پاکستان نہیں آتا تو جب تک پاک، بھارت تعلقات ٹھیک نہیں ہوں گے پاکستان بھارت کے ساتھ کرکٹ نہیں کھیلے گا۔ اس سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھارت کے پاکستان نہ آکر کھیلنے سے متعلق آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے حکومت پاکستان کے ساتھ رابطہ کیا اور بھارت کے نہ آنے سے متعلق آگاہ کر دیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی پر پیچھے نہیں ہٹے گا، اگر بھارت نہیں آتا تو پاکستان بھارت میں کبھی نہیں کھیلے گا، حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹیڈیم بن رہے ہیں، سکیورٹی اچھی ہے، پھر ٓخر کیا وجہ ہے کہ بھارت نہیں آسکتا، بھارت کے پاس کوئی جواز نہیں کہ وہ نہ آئے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر بھارت نہیں آئے گا تو ریونیو نقصان ہمیں ہوگا لیکن جب ہم بھارت سے میچ نہیں کھیلیں گے تب نقصان ان کا بھی ہوگا، پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے کسی ماڈل کو قبول نہیں کرے گا۔
یاد رہے گزشتہ روز کرکٹ ویب سائٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو آگاہ کردیا گیا ہے کہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کے لیے پاکستان نہیں جائے گی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بی سی سی آئی نے آئی سی سی کو بتایا ہے کہ انہیں بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان ٹیم نہ بھیجنے کو کہا گیا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان آنے سے انکار کی خبروں کے بعد پاکستان نے کھیلوں کے ہر فورم پر بھارت کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے بھارت کی اولمپکس بڈ کی بھی مخالفت کی جائے گی، تاہم بھارت 2036 میں اولمپکس کی میزبانی کا خواہشمند ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے کھیلوں میں بھارتی رویے پر آئی او سی کو خط لکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے متعدد مرتبہ کھیلوں میں سیاست کو ملوث کیاہے۔
کمنٹ کریں