پاکستان کی طرف سے ٹی20 میں بہترین بولنگ کا ریکارڈ بنانے والے سفیان مقیم کون ہیں؟

قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان سپنر سفیان مقیم نے زمبابوے کے خلاف 2.4 اوورز میں تین رنز کے بدلے پانچ وکٹیں حاصل کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔

منگل کو تین ٹی 20 میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کی۔

اس میچ کی فتح میں جہاں سفیان مقیم کی عمدہ بولنگ نے بنیادی کردار ادا کیا وہیں سفیان ٹی20 کرکٹ فارمیٹ کے بہترین میچ فیگرز میں شریک ہو گئے ہیں۔

اس سے قبل یہ اعزاز سابق فاسٹ بولر عمر گل کے پاس تھا جنہوں نے 2009 میں نیوزی لینڈ اور 2013 میں جنوبی افریقہ کے خلاف چھ رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

یوں 15 برس بعد سفیان مقیم نے عمر گل کا یہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق نوجوان سپنر سفیان مقیم نے اب تک صرف سات ٹی 20 انٹرنیشنلز کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 14 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

سفیان مقیم کون ہیں؟

سفیان مقیم 15 نومبر سنہ 1999 کو پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر کے ضلع سدھنوتی پلندری کی تحصیل بلوچ بیٹھک کے گاؤں ’گلہ جنھالاں‘ سے ہے۔

انہوں نے ڈپلومہ آف الیکٹریکل انجینیئرنگ (ڈی ای ای) کر رکھا ہے۔

سفیان نے پاکستان ٹیم کے لیے ٹی20 فارمیٹ میں اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو تین اکتوبر 2023 کو ہانگ کانگ کے خلاف کیا تھا۔ اس سے قبل ڈومیسٹک کرکٹ میں سفیان مقیم پی ایس ایل میں پشاور زلمی کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

جنوری 2024 میں گھٹنے کی انجری کے باعث وہ پی ایس ایل کے سیزن 2024 میں پرفارم نہیں کر سکے تھے۔

سفیان مقیم گھٹنے کی انجری کے باعث پی ایس ایل سیزن 2024 میں شرکت نہیں کر سکے تھے (فائل فوٹو: فیس بُک)

اس کے علاوہ پاکستان کے زی انتظام کشمیر کی ڈومیسٹک لیگ ’کشمیر پریمیئر لیگ‘ ( کے پی ایل) میں باغ سٹالنز اور میرپور رائلز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

سفیان مقیم کے والد عبدالمقیم نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اور ان کا خاندان سفیان مقیم کے اس منفرد کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’گھر میں سب بہت خوش ہیں، سفیان کی والدہ اور ہمشیرہ دعائیں مانگ رہی ہیں، مبارک باد دینے کے لیے اہل محلہ کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔‘

’میٹرک کے امتحان کے بعد سفیان کو راجہ بازار سپورٹس والی گلی لے گیا‘

سفیان مقیم نے کرکٹ کی شروعات اپنے بچپن میں ہی کر لی تھی۔ عبدالمقیم کے مطابق سفیان پانچویں جماعت سے کرکٹ کھیل رہا ہے۔ شروع میں سفیان ٹیپ بال کرکٹ کھیلا کرتے تھے پھر آہستہ آہستہ وہ پرفیشنل کرکٹ کی طرف منتقل ہوئے۔

عبدالمقیم کہتے ہیں کہ ’سفیان کو صبیح اظہر اکیڈمی راولپنڈی میں داخل کروایا، وہاں سے اس نے ٹرینگ لی اس کے بعد سفیان کے پی ایل میں سلیکٹ ہو گیا اور دونوں سیزنز کھیلے، سنہ 2023 میں سفیان کی پی ایس ایل کے لیے سلیکشن ہو گئی۔‘

سفیان مقیم بچپن سے ہی کرکٹ کھیل رہے ہیں (فائل فوٹو: سفیان مقیم فیس بُک)

انہوں نے کہا کہ ’میں نے کبھی بچوں کو وہ کرنے سے نہیں روکا جو وہ کرنا چاہتے ہیں، سفیان کو کبھی نہیں کہا کہ گراؤنڈ سے کیوں لیٹ واپس آئے ہو، جس روز سفیان نے میٹرک کے پیپر دیے تو میں اسے راجہ بازار سپورٹس والی گلی میں لے گیا اور وہاں سے اسے کھیلوں کے سامان کی خریداری کروائی۔‘

اسی طرح ایک اور واقع سناتے ہوئے سفیان مقیم کے والد نے بتایا کہ وہ ایک دفعہ لاہور قلندرز کے ٹرائل دلوانے کے لیے سفیان کو لاہور لے جا رہے تھے تو راستے میں انہیں ایک سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ میں روکا گیا۔

وہ بتاتے ہیں کہ ’اہلکار نے مجھ سے پوچھا کہ آپ آدھی رات کو کہاں جا رہے ہیں؟ تو میں نے اسے بتایا کہ بیٹے کو ٹرائل دلوانے جا رہا ہوں۔‘

’اہلکار نے کہا کہ آپ کا بیٹا بڑا خوش قسمت ہے جسے والد کرکٹ کے ٹرائلز دلوانے کے لیے لے جا رہے ہیں، ہم کرکٹ کا نام لیتے تھے تو والدین ہمیں مارتے تھے۔‘