لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کی جانب سے پاکستان نہ آنے کی صورت میں قومی ٹیم ہر ٹورنامنٹ میں بھارت کا بائیکاٹ کرے گی۔
ایکسپریس نیوز کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے سے متعلق آگاہ کردیا ہے، جس پرحکومت پاکستان نے غور کرنا شروع کردیا ہے کہ اگر بھارت چیمپئنز ٹرافی کے لئے پاکستان نہیں آئے گا تو پاکستان آئندہ کبھی بھارت کے ساتھ کوئی میچ نہیں کھیلے گا۔ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے اپنے موقف پر ڈٹا رہے گا اور ہائبرڈ ماڈل کیخلاف خطرناک حد تک جائے گا۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق آئی سی سی پر زور دیا جائے گا کہ چیمپئنز ٹرافی کا پورا ایونٹ پاکستان میں ہی ہو، پاکستان نے بھارتی ہٹ دھرمی کا ہر فارم پر مقابلہ کرنے اور اپنے مؤقف پر ڈٹ جانے کا فیصلہ کیا ہے، حکومت نے سخت مؤقف اپنایا ہے کہ اگر بھارت نے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت سے انکار کیا تو پاکستان آئندہ کبھی اُن کے ساتھ میچ نہیں کھیلے گی اور پاک بھارت تعلقات کی بہتری تک کسی بھی ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم انڈیا کے مدمقابل نہیں آئے گی۔
کمنٹ کریں