چیمپئنز ٹرافی سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کیلئے بڑا دھچکا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا لگنے کا امکان ہے۔

بھارت کے فاسٹ بولر جسپریت بمرا کے چیمپئنز ٹرافی کے گروپ میچز نہ کھیلنے کا امکان ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جسپریت بمرا کی کمر میں سوجھن کی تشخیص ہوئی ہے، وہ بورڈر گواسکر ٹرافی کے سڈنی ٹیسٹ میں کمر کی تکلیف کا شکار ہوئے تھے۔

جسپریت بمرا سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی بنگلورو میں رپورٹ کرنے کے لیے کہا گیا ہے، سلیکشن کمیٹی کو ان کی فٹنس رپورٹ سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

بمرا کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے اسکواڈ جمع کرانے کے لیے توسیع مانگی ہے۔

چیمپئنز ٹرافی کے لیے ابتدائی اسکواڈ آئی سی سی کو جمع کرانے کی آج آخری تاریخ ہے۔

سلیکٹرز بمرا کی فٹنس رپورٹس کی روشنی میں ٹورنامنٹ کے قریب جا کر اسکواڈ کا اعلان کرنا چاہتے ہیں۔

 بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ جسپریت بمرا کے مارچ کے پہلے ہفتے تک مکمل فٹ ہونے کا بتایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت نے دبئی میں اپنا آخری گروپ میچ 2 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلنا ہے۔