جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستانی اوپننگ جوڑی نے وہ کر دیکھایا جو آج تک کوئی اور نہ کرسکا۔ بیٹر بابر اعظم اور شان مسعود کی جوڑی نے اوپننگ شراکت داری کا نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آخری میچ کیپ ٹاؤن میں جاری ہے۔
جہاں پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں میزبان ٹیم کے 615 رنز کے جواب میں 194 رنز بناکر فالو آن کا شکار ہوئی۔تاہم دوسری اننگز میں پاکستانی بیٹنگ لائن سنبھل گئی۔کپتان شان مسعود اور بابر اعظم نے پہلی وکٹ پر 205 رنز کی شراکت بناکر کم بیک کی اچھی کوشش کی ہے۔تیسرے دن کھیل کے اختتام پر شان مسعود 102 اور خرم شہزاد 8رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں اور ٹیم کا مجموعی اسکور ایک وکٹ کے نقصان پر 213 رنز ہے۔
بابر اعظم 81 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جنوبی افریقا کو اب بھی 208 رنز کی برتری حاصل ہے۔پہلی اننگز میں فالو آن کا شکار ہونے والی پاکستان ٹیم کے بیٹر شان مسعود اور بابر اعظم نے ٹیسٹ میچ میں شراکت کا نیا ریکارڈ بنا دیا ہے۔ جنوبی افریقا کے خلاف دوسری اننگز میں 205 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں فالو آن کا شکار ہونے والی ٹیم کی جانب سے دوسری اننگز سب سے بڑی اوپننگ شراکت ہے۔
اس کے علاوہ شان اور بابر کی اوپننگ پارٹنر شپ ٹیسٹ کرکٹ میں جنوبی افریقا میں پاکستان کی جانب سے سب سے بڑی اوپننگ شراکت ہے۔اس سے قبل 1998 میں سعید انور اور عامر سہیل نے جنوبی افریقاکے خلاف اس کے ہی میدان میں 101 رنز کی اوپننگ شراکت بنائی تھی۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا کو پاکستان کے خلاف سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے اور میزبان ٹیم آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کرچکی ہے۔