آسٹریلیا نے 5 میچز پر مشتمل بارڈر گواسکر ٹرافی کے چوتھے ٹیسٹ میں بھارت کو 184 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی اور ساتھ ہی مہمان ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔
پیر کو میلبرن میں کھیلے جانے والے سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میں بھارتی ٹیم 340 رنز کے تعاقب میں 155 رن بناکر آؤٹ ہوگئی اور یوں آسٹریلیا سیریز میں برتری حاصل کرتے ہوئے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنانے کیلئے مضبوط پوزیشن میں آگیا۔
آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان5 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آخری ٹیسٹ 3 جنوری سے سڈنی میں شروع ہوگا۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقا نے پاکستان کو سنچورین ٹیسٹ میں شکست دے کر آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ(ڈبلیو ٹی سی)کے فائنل کے لیے پہلے ہی کوالیفائی کر لیا جس کے بعد دوسری فائنلسٹ ٹیم کیلئے مقابلہ جاری ہے۔
میلبرن ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد آسٹریلیا کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) میں کوالیفائی کرنے کے امکانات مزید روشن ہو گئے جبکہ بھارت کو کافی مشکلات کا سامنا ہے۔
ڈبلیو ٹی سی کے پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال:
جنوبی افریقا اس وقت ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پرپہلے نمبر پر ہے۔
دوسری جانب آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان میلبرن میں کھیلے جانے والے چوتھے میچ کے نتیجے کے بعد آسٹریلیا پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر آگیا۔آسٹریلیا کی پوائنٹس اوسط58.89 سے بڑھ کر 61.46 ہوگئی۔
بھارت کی پوائنٹس اوسط 55.88 سے کم ہوکر 52.78 پر آ گئی اور اس کا نمبر تیسرا ہے جبکہ نیوزی لینڈ چوتھے اور سری لنکا پانچویں نمبر پر موجود ہے۔
آسٹریلیا کی پوزیشن مضبوط تو ہے لیکن بھارت اور سری لنکا بھی ابھی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شب کے فائنل میں جگہ بنانے کے مقابلے میں ہیں۔
ان 3 ٹیموں کو ڈبلیو ٹی سی کے فائنل کھیلنےکیلئے کیا کرنے کی ضرورت ہے؟
آسٹریلیا:
آسٹریلیا 61.46 پوائنٹس اوسط کے ساتھ ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر ہے اور اس کے ابھی ڈبلیو ٹی سی سائیکل کے 3 میچز باقی میچز ہیں اور اسے فائنل کھیلنے کیلئے بظاہر صرف ایک جیت کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کو بارڈر گواسکر ٹرافی کا آخری ٹیسٹ جوکہ سڈنی میں ہونا ہے، اور سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنی ہے۔
اگر آسٹریلیا سڈنی میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ جیتتا ہے تو وہ سری لنکا کے خلاف اوے سیریز کے نتائج سے قطع نظر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گا اور بھارت اور سری لنکا دوڑ سے باہر ہوجائیں گے۔
اگر سڈنی ٹیسٹ ڈرا ہوجاتا ہے تو آسٹریلیا بھارت سے تو پوائنٹس ٹیبل پر آگے ہی ہوگا لیکن اس وجہ سے سری لنکا کے لیے موقع پیدا کر دے گا۔
اگر آسٹریلیا سڈنی ٹیسٹ ڈرا کرتا ہے اور سری لنکا میں دونوں ٹیسٹ ہار جاتا ہے، تو وہ اپنی ڈبلیو ٹی سی سائیکل 53.51 پوائنٹس اوسط پر ختم کرے گا جبکہ سری لنکا 53.85 پوائنٹس اوسط تک پہنچ جائے گا۔
اگر آسٹریلیا سڈنی ٹیسٹ ہار جاتا ہے تو اسے سری لنکا کے خلاف سیریز میں صرف ایک جیت کی ضرورت ہوگی اور وہ فائنل کیلئے کوالیفائی کرجائے گا۔
اگر آسٹریلیا سڈنی میں ہارتا ہے اور سری لنکا کے خلاف سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی تو آسٹریلیا کی پوائنٹس اوسط57.02 جبکہ بھارت کی 55.26 ہوگی۔
اگر آسٹریلیا سڈنی ٹیسٹ میں شکست کے بعد سری لنکا میں دونوں ٹیسٹ ڈرا کرتا ہے تو بھارت اور آسٹریلیا دونوں کی پوائنٹس اوسط 55.26 ہوگی لیکن بھارت زیادہ سیریز جیتنے کی بنیاد پر فائنل کیلئے کوالیفائی کر جائے گا۔
بھارت
بھارت 52.78 پوائنٹس اوسط کے ساتھ ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر ہے اور اس کا ڈبلیو ٹی سی سائیکل کا صرف ایک میچ باقی ہے جو اس نے آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں کھیلنا ہے۔
بھارت کو ڈبلیو ٹی سی فائنل کی دوڑ میں رہنے کے لیے آسٹریلیا کے خلاف سڈنی ٹیسٹ ہر صورت جیتنا ہوگا لیکن پھر بھی اس کو دوسری ٹیموں کے نتائج کا سہارا لینا ہوگا۔
سڈنی میں جیت سے بھارت 55.26 پوائنٹس اوسط پر پہنچ جائے گا، جو اس کے لیے دوسری پوزیشن حاصل کرنے کے لیے کافی ہوگا اگر آسٹریلیا سری لنکا میں دونوں ٹیسٹ ڈرا کرے۔جیسے اوپر ذکر کیا گیا ہے۔
اگر آسٹریلیا بھارت سے شکست کے بعد سری لنکا کے خلاف دونوں ٹیسٹ ڈرا کرتا ہے تو وہ پوائنٹس اوسط میں بھارت کے برابر ہوگا لیکن بھارت زیادہ سیریز جیتنے کی بنیاد پر فائنل کیلئے کوالیفائی کرے گا۔
اگر آسٹریلیا سری لنکا سے 0-1 سے ہارتا ہے تو وہ 53.51 پوائنٹس اوسط پر آجائے گا اور سری لنکا ایک صفر سے سیریز جیتنے پر 48.72 پوائنٹس اوسط کے ساتھ یہ سائیکل ختم کرے گا۔
تاہم، اگر بھارت اور آسٹریلیا کا سڈنی ٹیسٹ ڈرا ہوتا ہے تو بھارت 51.75 پوائنٹس اوسط پر آ جائے گا اور فائنل کی دوڑ سے باہر ہو جائے گا۔
کیونکہ اگر آسٹریلیا سڈنی میں ڈرا کے بعد سری لنکا میں دونوں ٹیسٹ ہار بھی جاتا ہے تو وہ 53.51 جبکہ سری لنکا 53.85 پوائنٹس اوسط تک پہنچ جائے گا۔
اس لیے بھارت کو سڈنی ٹیسٹ جیتنے کے ساتھ آسٹریلیا کے دونوں ٹیسٹ ڈرا ہونے کی بھی دعا کرنی ہوگی۔
سری لنکا 45.45 پوائنٹس اوسط کے ساتھ ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر ہے اور اسے کے ابھی آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کے 2 ٹیسٹ باقی ہیں۔
سری لنکا صرف اسی صورت میں فائنل کیلئے کوالیفائی کر سکتا ہے اگر سڈنی ٹیسٹ ڈرا ہو اور وہ آسٹریلیا کو 2-0 سے شکست دے۔
اس صورت میں سری لنکا کی پوائنٹس اوسط53.85 ہوجائے گی جو آسٹریلیا کی 53.51 اور بھارت کی 51.75 سے زیادہ ہوگی۔
اگر بھارت سڈنی ٹیسٹ میں جیتتا ہے تو وہ سری لنکا کو فائنل کی دوڑ سے باہر کر دے گا۔