چیمپئنز ٹرافی میں ہونے والے پانچ کانٹے کے مقابلے کونسے ہوں گے؟

کرکٹ ایونٹس میں آٹھ برسوں میں پہلی بار واپس آنے والی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری 2025 سے ہو رہا ہے۔ 19 دن تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 15 کانٹے کے مقابلے کھیلے جائیں گے۔

اگرچہ ایونٹ میں شامل آٹھوں ٹیمیں ایک دوسرے کے لیے سخت حریف ثابت ہوں گی لیکن پانچ ایسے مقابلے ایسے متوقع ہیں جو ہائی والٹج ثابت ہوں گے۔

پاکستان بمقابلہ بھارت (دبئی، 23 فروری)

23 فروری کرکٹ مداحوں کے لیے سُپر سنڈے ثابت ہوگا جب دونوں روایتی حریف دبئی میں آمنے سامنے آئیں گے۔ اس سے قبل دونوں ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی میں ایک دوسرے کے خلاف پانچ بار کھیل چکی ہیں اور پاکستان کو 2-3 کی برتری حاصل ہے۔ آخری بار پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فائنل میں سرفراز احمد کی کپتانی میں بھارت کو شکست دی تھی۔

آسٹریلیا بمقابلہ جنوبی افریقا (راولپنڈی، 25 فروری)

2023 ورلڈ کپ کا سنسی خیز سیمی فائنل وہ آخری موقع تھا جب دونوں ٹیمیں کسی بین الاقوامی ایونٹ میں ٹکرائیں تھیں۔

افغانستان بمقابلہ آسٹریلیا (لاہور، 28 فروری)

2023 ورلڈ میں افغانستان کے خلاف آسٹریلیا نے 91 پر 7 کھلاڑی گنوانے کے بعد گلین میکسویل اور کپتان پیٹ کمنز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت یقینی شکست کو فتح میں بدل دیا تھا۔ رواں برس ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں افغانستان نے اس شکست کا تاریخی بدلہ لیا۔

انگلینڈ بمقابلہ جنوبی افریقا (کراچی، یکم مارچ)

2023 ورلڈ کپ میں خراب کارکردگی کے باوجود انگلینڈ کی ٹیم ایونٹ جیتنے کی تمام صلاحیت رکھتی ہے۔ باصلاحیت کھلاڑیوں کی حامل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا یہ میچ انتہائی دلچسپ ہوگا۔

بھارت بمقابلہ نیوزی لینڈ(دبئی، 2 مارچ)

2003 کے بعد 2023 پہلا ایونٹ تھا جب بھارت نے نیوزی لینڈ کو کسی آئی سی سی ایونٹ میں شکست دی تھی۔