پاکستان سے شکست کے بعد جنوبی افریقی بلے باز مشکل میں پھنس گئے

جنوبی افریقا کے جارح مزاج بلے باز اینرک کلاسن وکٹوں کو لات مارنے کی وجہ سے مشکل میں پھنس گئے۔میچ ریفری نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر میچ فیس کا 15 فی صد جرمانہ عائد کر دیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ویب سائٹ کے مطابق جنوبی افریقی بلے باز کے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق برائے پلیئر اور پلیئر سپورٹ پرسنل کے آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی کرنے پر ڈسیپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کا اضافہ بھی کیا گیا۔

یہ واقعہ جمعرات 19 دسمبر کو جنوبی افریقا اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ کے دوران پیش آیا۔

میزبان ٹیم کی جانب سے اینرک کلاسن  330 رنز کے تعاقب میں تن تنہا لڑتے رہے اور بالآخر 43 ویں اوور میں 97 رنز بنا کر آخری وکٹ بنے۔

سنچری سے تین رنز کم پر آؤٹ ہوجانے پر اینرک کلاسن نے غصے میں وکٹوں پر لات مار دی جس کے بعد میچ ریفری رچی رچرڈسن نے ان پر جرمانہ عائد کیا۔

واضح رہے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 81 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے جیت لی ہے۔