افغان کرکٹر نے ایک دن میں 2 شہروں میں 2 میچ کیسے کھیلے؟ کرکٹر کے کارنامے سے سب حیران

افغانستان کی انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑی نے کرکٹ میں انوکھا کام کر دکھایا۔

افغان کھلاڑی اللہ محمد غضنفر نے 5 دنوں میں 3 شہروں کے اندر 5 میچ کھیلے، اللہ غضنفر ایک میچ کھیل کر دوسرے میچ کے لیے پہنچ جاتے، وہ  یواے ای میں جاری انڈر 19 ایشیاکپ میں افغانستان ٹیم کا حصہ ہیں۔

افغانستان انڈر 19 ٹیم کے ساتھ اللہ غضنفرنے ٹی 10 لیگ میں ابو ظبی ٹیم کی بھی نمائندگی کی، انہوں نے اس دوران ایک دن میں 2 شہروں میں 2 میچ کھیل کر سب کو حیران کر دیا۔

کرکٹر نے 27 نومبر کو ابو ظبی کے میدان میں ابو ظبی اور بریوز کے درمیان ٹی 10 میچ کھیلا جب کہ 29 نومبر کو افغانستان انڈر 19اور بنگلادیش کے درمیان میچ میں حصہ لیا۔

اللہ غضنفر 30 نومبر کو ابوظبی میں ٹی 10 لیگ میں واریئرز کےخلاف ان ایکشن ہوئے اور یکم دسمبر کو پہلے شارجہ میں سری لنکا انڈر 19 کے خلاف ملک کی نمائندگی کی، پھر میچ کے بعد تیز رفتاری سے ابوظبی پہنچے جہاں بُلز کےخلاف ٹی 10 لیگ کا میچ کھیلا۔

تاہم کھلاڑی کے ایک ساتھ 2 مختلف ایونٹس کھیلنے پر سوالات اٹھنا شروع ہوگئے جب کہ افغانستان ٹیم نے ابھی اللہ غضنفر کے 2 ایونٹ کھیلنے پر کوئی جواب نہیں دیا۔