آسٹریلیا(اُمت نیوز)آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے اہم اعزاز حاصل کرلیا۔
گزشتہ روز سڈنی میں کھیلے گئے تین میچز کی سیریز کے دوسرے ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔
آسٹریلیا کے کپتان جوش انگلس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، کینگروز نے مقررہ 20 اووز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4 اور عباس آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 19.4 اوورز میں 134 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جبکہ اسپینسر جانسن کو 26 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹی 20 میں شاندار بولنگ کرنے والے حارث رؤف نے اس میچ میں اہم سنگ میل بھی عبور کیا، میچ میں 4 وکٹیں لینے والے فاسٹ بولر مشترکہ طور پر پاکستان کی جانب سے ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے۔
حارث رؤف نے 72 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 107 وکٹیں لیں جوکہ مشترکہ طور پر پاکستانی بولر کے اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ شکار ہیں جبکہ قومی اسپنر شاداب خان بھی 96 اننگز میں 107 وکٹیں لے چکے ہیں۔
اس کے علاوہ حارث کی آسٹریلیا کے خلاف دوسرے میچ میں 4 اوورز میں 22 رنز دے کر 4 وکٹیں، آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں کسی بھی غیر ملکی بولر کے بہترین اعدادوشمار ہیں۔
اس سے قبل یہ اعزاز سری لنکا کے نوان کلاسیکرا کے پاس تھا جنہوں نے 2017 میں آسٹریلیا میں 31 رنز دے کر 4 کھلاڑی آؤٹ کیے تھے۔
کمنٹ کریں